اسلام آباد: چینی بینک کی جانب سے پاکستان کو مزید 50 کروڑ ڈالر دینے پر رضامندی کااظہار کیا گیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ چینی بینک سے مزید 50 کروڑ ڈالر لینے کے سلسلے میں دستاویزی کارروائی تکمیل کو پہنچ گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ چینی بینک پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کا فنڈ جلد ہی جاری کردے گا، جو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو موصول ہوں گے۔
وزیر خزانہ نے ٹوئٹ میں مزید بتایا کہ پاکستان کے لیے چینی بینک نے 1.3 ارب ڈالر کا رول اوور منظور کیا تھا اور پاکستان نے یہ رقم حال ہی میں چینی بینک کو واپس کردی تھی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مزید 50 کروڑ ڈالر کا فنڈ وصول ہونے سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔