جماعت اسلامی ہی ملک کو مسائل سے نکال سکتی ہے، میاں اسلم

996
inflation march

اسلام آباد: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ صرف جماعت اسلامی ہی ہے جو ملک کو مسائل کے گرداب سے نکال سکتی ہے۔

یو سی جی 10 کے دورے کے موقع پر علاقہ معززین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی مفادات کے لیے ایک دوسرے سے دست و گریبان ہیں، ان تینوں اطراف کا طرز حکومت اور پالیسیاں یکساں ہیں، اختلاف صرف اقتدار کے حصول کے لیے ہے، ان لوگوں نے ملک کے وسائل کو لوٹا اور عوام کو بنیادی ضروریات سے محروم رکھا۔

انہوں نے کہا توشہ خانہ رپورٹ میں سب ایکسپوز ہو گئے، ثابت ہو گیا کہ سبھی حکمران جماعتیں لوٹ مار میں ملوث ہیں، ان کے چہرے، جھنڈے اور پارٹیاں الگ الگ طرز بودوباش، کلچر ایک ہے،صر ف جماعت اسلامی کے لوگ صادق اور امین بن کر اُبھرے ہیں ۔

میاں محمد اسلم نے کہا جھوٹ بولنے کا معاملہ ہو یا آئی ایم ایف کی غلامی ، کسی جنرل کی ایکسٹیشن زیربحث ہو یا مذہب بیزار قوانین کا معاملہ، حکمران جماعتیں ایک جیسا سوچتی ہیں، ملک کو اسلامی نظام کی ضرورت ہے اور یہ نظام جماعت اسلامی لا سکتی ہے، جماعت اسلامی کی حکومت کا مقصد پارٹی یا کسی فرد کا اقتدار نہیں بلکہ حاکمیتِ الٰہی کا قیام ہے۔

انہوں نے کہا جب تک اس ملک کی سیاست میں دین کا دروازہ نہیں کھلے گا، عوام کی حالت نہیں بدل سکتی،عوام آئندہ الیکشن میں جماعت اسلامی پر اعتماد کر یں ملک کو مسائل کے گرداب سے نکال سکتے ہیں ، اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت اور عوام کی تائید سے ہمیں اقتدار ملا تو پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔