عمران خان کی گرفتاری کو دُنیا کا عجوبہ بنادیا گیا ہے، لیاقت بلوچ

485
Petrol and dollar price

اسلام آباد:  نائب امیر جماعت، اسلامی، مرکزی الیکشن سیل کے چیئرمین لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے معاملے کو دنیا کا عجوبہ بنا دیا گیا ہے۔

ڈیرہ غازی خان، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ، مانسہرہ، راولپنڈی، فیصل آباد میں ورکرز کنونشنز، سیاسی انتخابی کمیٹیوں کے اجلاسوں اور صوبائی اسمبلی امیدواروں سے ملاقات  اور خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ انتخابات ہی بحرانوں کا حل ہے۔ سیاسی قیادت اور جماعتیں جمہوریت، انتخابات، آئین پر راگ اِلاپتی ہیں لیکن آئینی، جمہوری، انتخابی ضابطوں کی پابندی کرنے کے لیے تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پنجاب، خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کے انتخاب میں بھرپور حصہ لے گی۔ پنجاب کے صوبائی حلقہ جات میں 85 فیصد امیدواران کاغذاتِ نامزدگی جمع کراچکے ہیں۔ جماعت اسلامی 22 مارچ کو منشور کا اعلان کردے گی اور ملک گیر انتخابی مہم کا آغاز کردیا جائے گا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری دُنیا کا عجوبہ بنادیا گیا۔ پورے ملک کو ہیجانی کیفیت سے دوچار کردیا گیا ہے۔ پارٹی سیاست، بیانیوں کی ناکامی اور انتخابی زوال نے ملک و مِلت کے لیے بڑے بحران پیدا کردیے ہیں۔ قانون سب کے لیے برابر ہو، قانون کی آڑ میں اور انتخابات کے نام پر دھاندلی، مداخلت کی ہیراپھیری ختم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ آئینی، جمہوری، انتخابی اقدار کی پاسبانی سے ہی سب کے لی بھلائی ہوتی ہے۔ عدلیہ، سیاسی مقدمات، کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال قومی خزانہ کو بڑا نقصان پہنچانے کے مقدمات کے لیے ایسا لائحہ عمل دے کہ پوری قوم کو اطمینان ہو، وگرنہ پروپیگنڈہ کی یلغار میں ریاستی اداروں، عدالتی نظام اور حکومتی نظام بدترین تنازع سے دوچار ہیں۔ اقتصادی تباہی مسلط کرنے میں تمام حکمران برابر کے ذمہ دار ہیں۔ عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے انجینئرڈ بحران پیدا کیے جارہے ہیں۔

لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں ٹرانسجینڈر قانون کی آڑ میں اخلاقی، تہذیبی تباہی کے سدِباب کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی نظام کی کمزوریوں کی وجہ سے قرآن و سنت، قیامِ پاکستان سے متصادم اور آئین سے انحراف کرتے ہوئے بدتہذیبی، ہم جنس پرستی کے ذریعے خاندانی نظام کو توڑا اور اخلاق باختگی کو فروغ دیا جارہا ہے۔