لاہور: عمران خان کی جانب سے آج ریلی نکالنے کے اعلان کے بعد پنجاب حکومت نے لاہور میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے رینجرز کو طلب کرلیا ہے اور ریلیوں پر پابندی ہوگی۔
نگراں وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ نے ایک بار پھر ایک اہم دن پر ریلی کا اعلان کیا ہے جب لاہور میں پی ایس ایل میچ اور 40 کلومیٹر کی میراتھن اور سائیکل ریس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
عامر میر نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ نے پی ٹی آئی سے بات چیت کی اور انہیں کہا کہ ریلی کی تاریخ آگے بڑھائی جائے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے رینجرز کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کے باعث آج صبح زمان پارک اور دیگر اہم مقامات پر رینجرز تعینات کی جائے گی۔