بیجنگ/اسلام آباد: چینی صدرشی جن پنگ کے قریبی ساتھی لی چیانگ چین کے نئے وزیراعظم منتخب ہوگئے ہیں۔پاکستان ہم منصب میاں شہباز شریف نے مبارکباد دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 63 سالہ لی کیانگ نے نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) میں 2 ہزار 900 سے زیادہ مندوبین سے تقریبا تمام ووٹ حاصل کرلیے، جس سے ایک روز قبل ہی شی جن پنگ ارکان پارلیمنٹ کے ذریعے متفقہ طور پر صدر کے طور پر تیسری مدت کے لیے منتخب ہوئے تھے۔
شنگھائی پارٹی کے سابق سربراہ لی چیانگ کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم لی کی چیانگ کا جانشین نامزد کیا گیا تھا،موجودہ وزیراعظم لی کی چیانگ پیر کو ختم ہونے والے نیشنل پیپلز کانگریس کے اجلاس کے دوران ریٹائر ہو رہے ہیں،2016 میں شی جن پنگ نے لی چیانگ کو جیانگسو میں تعینات کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک طے شدہ عمل کے تحت اراکین پارلیمنٹ نے اپنے ووٹ کاسٹ کیے اس دوران صحافیوں کو ہال سے نکال دیا گیا،ہال میں نصب ایک الیکٹرانک اسکرین پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق لی کانگ کے حق میں 2 ہزار 936 ووٹس ڈالے گئے جبکہ صرف تین مندوبین نے ان کے تقرر کے خلاف ووٹ دیا اور 8 غیر حاضر رہے،ووٹنگ کے بعد میں لی کیانگ نے بطور چینی وزیراعظم اپنے عہدے کا حلف اٹھایا اور چین کے آئین سے وفادار رہنے اور ایک خوشحال، مضبوط، جمہوری، مہذب، ہم آہنگ اور عظیم جدید سوشلسٹ ملک کی تعمیر کے لیے سخت محنت کرنے کا عہد کیا۔
وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے لی کیانگ کو چین کا نیا وزیراعظم منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے ۔اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نی چین کے نومنتخب وزیراعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاک چین اسٹریٹجک تعاون اور شراکت داری کو بڑھانے کیلیے لی کیانگ کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں ۔