عدالتوں میں پیشی سے انکار پر عمران خان کو گرفتار کرکے پیش کیا جائے گا، رانا ثناء اللہ

325

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے عدالتوں میں پیش ہونے سے انکار کیا تو لازمی ہے اسے گرفتار کرکے پیش کیا جائے گا،الیکشن کمیشن کے ساتھ غیر مشروط تعاون کریں گے، اپنے وسائل الیکشن کمیشن کے سامنے رکھیں گے۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم توہین عدالت کا رسک نہیں لے رہے، عمران خان نے عدالتوں میں پیش ہونے سے انکار کیا تو لازمی ہے اسے گرفتار کرکے پیش کیا جائے گا، یہ عدالت میں پیش ہو، بری ہوتا ہے تو ہوجائے، سزا ملے تو سامنا کرے۔

انہوں نے کہا کہ 30 اپریل کو الیکشن ہوتا ہے تو حصہ لیں گے، آئین میں صرف 90 دن میں الیکشن کا درج نہیں، کچھ اور بھی درج ہے، آئین میں درج ہے کہ تمام الیکشن ایک ساتھ ہونا چاہیے اور تمام صوبوں میں نگران حکومت ہونا چاہیے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ غیر مشروط تعاون کریں گے، اپنے وسائل الیکشن کمیشن کے سامنے رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن میں عدلیہ نے اپنے لوگ دینے سے انکار کردیا ہے اور انتخابی عملے میں محکمہ تعلیم کا عملہ 85 فیصد ہوتا ہے، وہ مردم شماری میں مصروف ہے جبکہ آرمی نے بتایا کہ دہشت گردی صورتحال کے پیش نظر آرمی کے پاس فورسز کی کمی ہے۔