وادر:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بلوچستان کیلئے فلاحی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مٹھی بھر گمراہ عناصر عوام اور مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، عوام اور مسلح افواج بلوچستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گوادر کا دورہ کیا جہاں ان کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال،فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور سی پیک کی سیکیورٹی پر بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے گوادر میں مقامی عمائدین سے ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر وزیرِ اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور بھی موجود تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کی اس سلسلے میں کوششوں کو سراہا اور بلوچستان کے عوام کی فلاح اور بھلائی کے لئے پیشہ ورانہ عزم کے ساتھ کام جاری رکھنے پر زور دیا۔
آرمی چیف نے مقامی عمائدین، منتخب نمائندوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے بات چیت کرتے ہوئے زور دیا کہ مٹھی بھر گمراہ عناصر عوام اور مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، عوام اور مسلح افواج بلوچستان کی ترقی ، امن اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔
جنرل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں مزید کہا ہے کہ عوام کی بہتری کے لیے پیشہ وارانہ عزم کے ساتھ کوششیں جاری رکھی جائیں۔ آرمی چیف نے علاقے کی سماجی اور اقتصادی ترقی پر زور دیتے ہوئے تعلیم، سولر سسٹم کی تنصیب، ماہی گیری، پانی، صحت، کھیل اور معاش سے متعلق فلاحی منصوبوں کا بھی اعلان کیا ۔