وزیراعظم اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، پولیو کے خاتمے پر تبادلہ خیال

341

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مقاصد پر مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم ہائوس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے بل گیٹس فائونڈیشن کی جانب سے ملک میں پولیو کے خاتمے کے لیے مدد کو سراہا، وزیر اعظم نے حالیہ سیلاب میں بھی پاکستان کے لیے  بل گیٹس فائونڈیشن کی امداد کو سراہا۔

وزیراعظم نے بل گیٹس کو پولیو کے خاتمے کے لیے وزیرصحت اور ان کی ٹیم کی کوششوں سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے فائونڈیشن کے ساتھ شراکت داری مزید مستحکم کرنے کی پاکستان کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے 2022 میں پولیو کے نئے کیسز کی رپورٹنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پولیو کی تمام اقسام کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

اس موقع پر بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور پولیوکا خاتمہ یقینی بنانے کے لیے اپنی فاؤنڈیشن سے مسلسل تعاون کا اعادہ کیا۔