راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ 8 میں جیسن روئے کی جارحانہ اننگز کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاندار مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باؤلنگ کی دعوت دی تھی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیسن روئے نے پی ایس ایل تاریخ کی دوسری تیز ترین سنچری بنائی، انہوں نے 63 گیندوں پر 5 چھکوں 20 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 145 رنز بنائے، گلیڈی ایٹرز نے 241 رنز کا ہدف 19 ویں اوور کی دوسری بال پر عبور کر لیا۔ گلیڈی ایٹرز کی پہلی وکٹ 41 رنز پر مارٹن گپٹل کی گری جنہوں نے 21 رنز بنائے، ول سمیڈ 26 رنز بنا کر پویلین لوٹے، وہاب ریاض اور مجیب الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان سپر لیگ 8 کے 25 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولت پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 241 رنز کا ہدف دیا۔ صائم ایوب 74 رنز بنا کر ڈیوین پریٹوریس کی بال پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم نے پی ایس ایل کی پہلی سنچری بناتے ہوئے 65 گیندوں پر 115 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنائے۔
پشاور زلمی اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر محمد حارث، صائم ایوب، ٹام کوہلر کیڈمور، حسیب اللہ، روومین پاول، عامر جمال، وہاب ریاض، عظمت اللہ عمر زئی، ارشد اقبال، مجیب الرحمان جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزاسکواڈ میںنائب کپتان محمد نواز، مارٹن گپٹل، جیسن روئے، ول سمیڈ، افتخار احمد، محمد حفیظ، عمر اکمل، ڈیوین پریٹوریس، محمد حسنین، نسیم شاہ، ایمل خان شامل تھے۔