پشاور:صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے ورسک روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے گرانفروشی، سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی،کم وزن روٹی اورصفائی ناقص صورتحال پربیشتر دکانداروں کو گرفتار کرلیا۔
ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد کی ہدایت پر انتظامی افسران نے ورسک روڈپر بازاروں کا معائنہ کیا۔کارروائیوں کے دوران93 دکانوں کا معائنہ کیا گیااورگرانفروشی،سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی، کم وزن روٹی اورصفائی ناقص صورتحال پر14 دکانداروں کو گرفتار کر لیاجبکہ 35 دکانداروں کو مزید بہتری کے حوالے سے وارننگ دی گئی۔
ان گرفتار دکانداروں میں سبزی و پھل فروش، نانبائی، شیر فروش، جنرل سٹور مالکان اور دیگر شامل ہیں ۔ ان گرفتار دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق صوبائی دارلحکومت میں انتظامی افسران روزانہ کی بنیاد پر سبزی و پھل منڈیوں میں سرکاری نرخ نامہ جاری کرتے ہیں اور بعد میں پشاور بھر میں سرکاری نرخ ناموں پرعمل درآمد کو یقینی بنایاجاتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد نے انتظامی افسران کو پشاور بھر میں بازاروں کا مسلسل معائنہ کرنے کا حکم دیا ہے اور گرانفروشی پر قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔