خواتین اپنے ووٹ کے ذریعے قوم کی تقدیر کا فیصلہ کرسکتی ہیں، مریم نواز

345

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نوا ز نے کہا ہے کہ قوم کی تقدیر کا فیصلہ خواتین اپنے ووٹ کے ذریعے کرسکتی ہیں،خواتین مردوں کی نسبت زیادہ ایکٹو ہیں ، خواتین کو ان کے جائز حقوق دلانے کی کوشش کریں گے، خواتین ملک کی خدمت میں کسی طور پر پیچھے نہیں ہیں۔

خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں خواتین کو مبارکبا دپیش کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہماری زندگی میں ہر دن ویمن ڈے ہوتا ہے،کوئی بھی دن خواتین کے بغیر ممکن نہیں ہے،پاکستان کی آبادی کا نصف حصہ خواتین پر مشتمل ہے،خواتین مردوں کی نسبت 2 فیصد زیادہ ایکٹو ہیں ،قوم کی تقدیر کے فیصلے کی طاقت خواتین کے پاس ہے،کیا خواتین کو ووٹ ڈالنے کی آزادی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مادرملت محترمہ فاطمہ جناح نے پاکستان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا، محترمہ فاطمہ جناح نے اپنے بھائی قائداعظم محمد علی جناح کے ہمراہ مل کر قیام پاکستان کی تحریک چلائی ،خواتین کو اس چیز کا ادراک ہے کہ ہمیں کیا رائے دینی ہے،خواتین کو ان کے جائز حقوق دلانے کی کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی والدہ محترمہ کلثوم نواز سے بھی بہت متاثر ہوں ،میری والدہ نے میری زندگی میں اہم کردار ادا کیا،میری والدہ نے جس طرح میری تربیت کی مجھے حوصلہ ملا،میں نے جب جیل کی مصیبتوں کا سامنا کیا اس وقت میری ماں حیات نہیں تھی، خواتین ملک کو صحیح سمت میں ڈالنے کیلئے پرعزم ہیں،مجھے جہاں رہنمائی کی ضرورت تھی وہاں والدہ سے رجوع کرتی تھی۔

 مریم نواز نے کہا کہ مجھے پاکستانی خواتین پر فخر ہے،ہماری خواتین مسلح افواج ، پولیس سمیت زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں ،پاکستان ابھی ترقی اور سوچ کے لحاظ سے پسماندہ ہے،خواتین کو ہر شعبے میں دیکھنے سے حوصلہ بڑھ جاتا ہے،خواتین اپنے جائز حقوق سے محروم ہیں،جو مواقع خواتین کو ملنے چاہیے وہ نہیں ملتے،خواتین نے ہر شعبے میں اپنا مقام بلند رکھا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا نام نہ لینا زیادتی ہوگی،بے نظیر بھٹو عالم اسلام کی پہلی مسلمان وزیراعظم تھیں،بے نظیر بھٹو نے تمام رکاوٹوں کو عبور کرکے اپنا مقام حاصل کیا،بے نظیر بھٹو نے خواتین کو حوصلہ دیا،خواتین محنت اور کوششوں سے اپنے مقاصد تک پہنچ سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستانی خواتین رائٹرز ، ادیبہ اور فنکار بھی ہیں،اداکارہ حدیقہ کیانی کاسیلاب متاثرین کی امداد کرنا قابل تعریف ہے،حدیقہ کیانی کو کبھی دیکھا نہیں نہ کبھی ملی ہوں، میں ایسی خواتین کو سیلوٹ پیش کرتی ہوں،فخر سے کہتی ہوں کہ خواتین نے کھیل کے ہر میدان میں اپنا کردار ادا کیا ، خواتین نے کھیل کے میدان میں اپنا اور ملک کا نام روشن کیا، بسمہ معروف کو کھیلتا دیکھنے کے بعد اپنی بیٹی کو پیار کرنا میرے لئے جذباتی لمحہ ہے۔

پارٹی چیف آرگنائزر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے اقدامات کئے،ملک میں خواتین کی ضروریات کی نشاندہی کرتی رہوں گی،قوم کی تقدیر کا فیصلہ خواتین اپنے ووٹ کے ذریعے کرسکتی ہیں،خواتین کامیابی کے ساتھ گھر چلا سکتی ہیں جو کہ مشکل ترین کام ہے۔