شہباز شریف نے قوم کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں بیچ دیا،چودھری پرویز الٰہی

496

لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ شہبازشریف کی نام نہاد گڈ گورننس اور اسحاق ڈار کی جادو گری کا پول کھل چکا، ملکی معیشت کو سنبھالنا اس نااہل ٹولے کے بس کی بات نہیں، انشا اللہ عمران خان وزیر اعظم بنیں گے تو ہی معیشت کا پہیہ صحیح سمت چلے گا، انہوں نے آئی ایم ایف کا دبا ئومسترد کر کے پٹرول 150سے اوپر نہیں جانے دیا۔

 چودھری پرویز الہی نے ان خیالات کا اظہار سابق ارکان اسمبلی اور مختلف رہنمائوں سے ملاقات کے دوران کیا کہ شہباز شریف نے قوم کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں بیچ دیا اور پیسے اپنی جیب میں ڈال لیے، نااہل حکومت کی اتنی بڑی فوج ظفر موج عوامی خزانے پر بوجھ ہے، جلد عام انتخابات کرانے سے ہی ملک موجودہ معاشی بحران سے نکل سکتا ہے، مہنگائی اور بیروزگاری نے عام آدمی کو جیتے جی مار دیا ہے، حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے لوگ ڈالر پاکستان سے دوبئی لے جاتے ہیں، پاکستان میں مینوفیکچرنگ کا شعبہ تباہ ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسی سے بے روزگاری میں اضافہ اور ریونیو کو نقصان ہو گا، مجھے لگتا ہے کہ شہباز شریف، فنانس منسٹری اور کسٹمز حکام گھوڑے بیچ کر سوئے ہوئے ہیں، اسمگلنگ روکنے اور ریونیو بڑھانے کیلئے ہمیں اپنی سرحدوں کو مضبوط بنانا ہوگا، اس وقت ملک شدید مالی بحران کا شکار ہے، فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں کاروبار میں نقصان در نقصان ہو رہا ہے، لیبر بیکار بیٹھی ہے مگر شہباز شریف اور نا اہل کابینہ کے سر پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔