لاہور:پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری کے خلاف فتنہ انگیزی اور اشتعال انگیز تقریر کے الزام میں لاہور میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔مقدمہ نمبر 373 لاہور پولیس کے سب انسپکٹرمحمد وسیم کی مدعیت میں تھانہ ریس کورس لاہور میں درج کیا گیا
۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ شاہ محمود اور فواد چوہدری نے زمان پارک میں پریس کانفرنس کی، اس دوران کینال روڈ بلاک ہوگئی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری نے فتنہ انگیز اور اشتعال انگیز تقریرکی، فواد چوہدری نے عوام کو حکومت پاکستان کے ریاستی اداروں کے خلاف اکسایا، فواد چوہدری نے شارع عام پر آمدورفت میں خلل ڈال کر جرم کا ارتکاب کیا، فواد چوہدری نے ریاستی اداروں پر قتل کی منصوبہ بندی کا بھی الزام لگایا۔مقدمے میں روڈ بلاک، دھمکیوں اور اشتعال انگیز تقاریر سمیت دیگر دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔