آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کی میزبانی بھارتی کرکٹ بورڈ کے گلے کی ہڈی بن گئی

603

لاہور:ر واں برس شیڈول آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کی میزبانی بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی)کیلئے گلے کی ہڈی بن گئی۔

بھارتی کرکٹ بورڈمتعدد ڈیڈ لائنز گزرنے کے باوجود تاحال انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کو ٹیکس چھوٹ کے ساتھ ٹیموں، میڈیا اور فینز کے لیے ویزے جاری کرنے کی دستاویزات جمع کروانے میں ناکام ہے۔

اس حوالے سے 20مارچ کو دبئی میں آئی سی سی کی ہونے والی میٹنگ اہمیت اختیار کرگئی ہے جس میں یہ معاملہ دوبارہ اٹھایا جائے گا،آئی سی سی قوانین کے مطابق کسی بھی ایونٹ کے میزبان ملک کو حکومت سے ٹیکس میں چھوٹ لینا ہوتی ہے تاہم ہندوستان کے ٹیکس قوانین اس طرح کی ٹیکس میں چھوٹ کی اجازت نہیں دیتے جس کا تقاضہ آئی سی سی کی طرف سے کیا گیا ہے۔

 اگر بی سی سی آئی ٹیکس چھوٹ حاصل کرنے میں ناکام رہتا ہے تو آئی سی سی کو نشریاتی آمدنی پر 21.84فیصد ٹیکس کی مد میں 116ملین ڈالر کا نقصان ہوسکتا ہے جو بی سی سی آئی اور دوسرے تمام ممبر ممالک کو برداشت کرنا پڑے گا۔

خیال رہے کہ 2016میں بھی آئی سی سی ٹی20ورلڈکپ پر بھارتی کرکٹ بورڈ کو اس کی حکومت نے ٹیکس چھوٹ نہیں دی تھی، جس پر ساڑھے 22 ملین ڈالرز سے زیادہ کا نقصان ہوا تھا اور یہ معاملہ ابھی تک آئی سی سی ٹربیونل میں ہے، ٹیکس چھوٹ کے سلسلے میں بھارتی بورڈ آئی سی سی کے اجلاسوں میں بار بار ڈیڈلائن میں توسیع لے چکا ہے مگر رپورٹس کے مطابق معاملہ ابھی تک حل نہیں ہوا،دوسری جانب بھارتی بورڈ نے ابھی تک ایونٹ کا حصہ تمام ممبر ممالک کی ٹیموں، آفیشلز، میڈیا اور فینز کے لیے ویزوں کے یقینی اجرا کے بارے میں بھی لیٹر تاحال جمع نہیں کروایا۔