پی ایس ایل 8: گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو شکست دے دی

548

راولپنڈی: پی ایس ایل 8 کے 22 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا ۔

پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 165 رنز کا ہدف دیا جو کوئٹہ نے اننگز کے آخری اوور میں حاصل کر لیا۔کوئٹہ گیلڈی ایٹرز کی جانب سے مارٹن گپٹل نے 86 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔  کراچی کی جانب سے تبریز شمسی نے دو جب کہ عامر یامین، فلر اور موسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کراچی کنگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور اننگز کی پہلی ہی گیند پر نسیم شاہ نے میتھیو ویڈ کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا، طیب طاہر اور قاسم اکرم بھی بالترتیب 7 اور 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹر شعیب ملک بھی 13 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ وکٹ کیپر بیٹر ایڈم روسنگٹن نے 69 رنز کی اننگز کھیلی، عماد وسیم 30 اور عامر یامین 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز اسکور کیے جبکہ کوئٹہ کی جانب سے نسیم شاہ اور ایمل خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

عماد وسیم کراچی کنگز کی قیادت کر رہے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ایڈم روسنگٹن، طیب طاہر، شعیب ملک، قاسم اکرم، میتھیو ویڈ، جیمز فلر، عامر یامین، موسیٰ خان، محمد عامر اور تبریز شمسی شامل ہیں۔

 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں کپتان سرفراز احمد، مارٹن گپٹل، عمیر یوسف، افتخار احمد، نجیب اللہ زادران، محمد نواز، عمر اکمل، ڈیوئین پریٹوریئس، نسیم شاہ اور نوین الحق شامل تھے۔