اسلام آباد :سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و رہنما مسلم لیگ ق چودھری پرویز الہی کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی ہر تقریر میں عدلیہ کو نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن اس پر کسی قسم کا کوئی ردعمل نہیں آتا اور عدلیہ پر الزام لگانے والی مریم نواز پر کوئی قانونی کارروائی نہیں ہورہی ہے ،اب عام انتخابات کا ہونا وقت کی ضرورت ہےعام انتخابات کےممکنہ نتائج حکمرانوں کو معلوم ہیں اس لئے الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکمران چاہتے ہیں اگلے 10 سال بھی الیکشن نہ ہوں اور وہ اقتدار سے چمٹے رہیں، حکمران عمران خان کی عوامی قوت سے خوفزدہ ہیں ان میں سیاسی مقابلے کی ہمت نہیں، سیاسی مخالفین کو دبانے کیلئےریاستی طاقت کا بدترین استعمال کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت نے ظلم و جبر اور قانون شکنی کی نئی داستانیں رقم کیں، عدلیہ کیخلاف روزانہ مہم چلانے والی مریم نواز پرکوئی پابندی نہیں،عمران خان پر پابندیاں ان کی شہرت کو کم نہیں کرسکتی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی آواز گھر گھرتک پہنچ چکی ہے، عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جسے موجودہ حکومت نے چھین لیا ہے۔