عمران خان نے اپنے خلاف پیمرا کی لگائی گئی پابندی عدالت میں چیلنج کردی

296

لاہور : چیئر مین پاکستان تحریک انصاف وسابق وزیراعظم عمران خان نے پیمرا کی جانب سے تقاریر اور بیانات چلانے پر پابندی کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ۔

پیمرا سمیت دیگر کو فریق  بناتے ہوئےعمران خان کی جانب سے صدر لاہور ہائیکورٹ بار اشتیاق اے خان اور بیرسٹر احمد پنسوتا نے درخواست دائر کی۔

دائر درخواست میں موقف اپنایا  گیا  بیانیات اور تقاریر پر پابندی لگانا بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے جبکہ پیمرا نے مکمل طور پر عمران خان کے بیانات اور تقاریر نشر کرنے پابندی عائد کی ہے ۔

 درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ عدالت  سے رجوع کرنے کے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں ہے اس لئے استدعا کی گئی کہ عدالت پیمرا کی جانب سے لگائی گئی پابندی فوری طور پر کالعدم قرار دے۔

واضح رہے کہ پیمرا نے گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیانات اور تقاریر نشر کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔ پیمرا آرڈیننس کے سیکشن 27 کے تحت یہ پابندی عائد کی گئی۔

پیمرا کے مطابق عمران خان اپنی تقاریر اور بیانات میں ریاستی اداروں پر متواتر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں،عمران خان اشتعال انگیز بیانات کے ذریعے نفرت پھیلا رہے ہیں، عمران خان کے بیانات سے نقص امن کا خطرہ ہے، ان کی ریکارڈ شدہ یا براہ راست تقاریر اور بیانات نشر کرنے پر پابندی ہوگی۔