وزیراعظم اقوام متحدہ کی کانفرنس میں شرکت کیلیے آج قطر روانہ ہوں گے

465
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف کروٹ ہائیڈروپاور پلانٹ کے دورے کے موقع پر ملازمین و میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

اسلام آباد:  وزیراعظم شہباز شریف امیر قطر کی دعوت پر دوحا میں اقوام متحدہ کی کانفرنس میں شرکت کےلیے آج اتوار کو قطر روانہ ہوں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امیر قطر کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف 5 سے 6 مارچ کو دوحہ جائیں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کے زیراہتمام کم ترقی یافتہ ممالک کی پانچویں کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

5 سے 9 مارچ تک منعقد ہونے والی اس کانفرنس کے دوران کم ترقی یافتہ ممالک میں پائیدار ترقی کو تیز کرنے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا جن سے انہیں خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد ملے گی۔بیان میں کہا گیا کہ دوحا میں کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم شریک رہنماؤں اور وفود کے سربراہان سے دو طرفہ ملاقاتیں اور بات چیت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق کانفرنس میں قائدین کم ترقی یافتہ ممالک کے حق میں اضافی عالمی امدادی اقدامات اور کارروائی کو تیز کریں گے اور کم ترقی یافتہ ممالک اور ان کے ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان ایک نئی شراکت داری پر اتفاق کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے اجتماعی آواز کو بلند کرنے میں اقوام متحدہ کے پلیٹ فارمز پر قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ 2022 کے دوران پاکستان نے بطور سربراہ گروپ 77 اور چین کی حیثیت سے قطر کی کوششوں کی بھرپور حمایت کی تاکہ دوحہ پروگرام آف ایکشن فار دی لیسٹ ڈویلپڈ کنٹریز کو اتفاق رائے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی توثیق کے ساتھ اپنایا جائے۔