لاہور: تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکمران عمران خان کی گرفتاری کی آڑ میں امن و امان کا اتنا بڑا مسئلہ کھڑا کر نا چاہتے ہیں جس کا واحد مقصد یہ ہے کہ پاکستان کے اندر اتنے بڑے فسادات ہو جائیں کہ کسی طرح انتخابات ملتوی ہوجائیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ عمران خان کو عدالتوں میں بلانے کے مقصد ان پر قاتلانہ حملہ کرانا ہے ، یہ چاہتے ہیں عمران خان عدالت میں آئیں جہاں اپنے بنائے ہوئے دہشتگردوں کے ذریعے ان کی جان لینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اگر عمران خان کی گرفتاری کیلئے حد سے آگے بڑھے تو کارکنان تیار رہیں پورے ملک میں پر امن احتجاج کی کال دیں گے،عمران خان ملک کی خاطر مفاہمت کی بات کر رہے ہیں ،آج پاکستان کے زخموں پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے اس پرنمک پاشی نہیں ہونی چاہیے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عقل کے اندھے کارروائیاں کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،زخموں ،پر نمک پاشی کر رہے ہیں ،ہمیں سیاسی استحکام کا انتظام کرنا ہے اس کے لئے آپ کو اپنا لب و لہجہ تبدیل کرنا ہوگا ،عمل اور اقدامات پر نظر ثانی کرنا ہو گی۔