لاہور: عمران خان کی گرفتار کرنے کے لئے اسلام آباد پولیس کی ٹیم وارنٹ گرفتاری لے کر لاہور زمان پارک پہنچ گئی۔
ایس پی سٹی اسلام آباد حسین طاہر کی سربراہی میں ٹیم لاہور پہنچی ہے۔ ایس پی سٹی حسین طاہر کچھ دیر بعد ٹیم کے ہمراہ زمان پارک پہنچیں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان کو مکمل قانونی تقاضے پورے کر کے گرفتار کیا جائے گا۔ اسلام آباد پولیس نے عمران خان کی گرفتاری کے لیے لاہور پولیس کو معاونت کے لیے درخواست دے دی ہے۔
اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کا کہنا ہےکہ ہم عدالت کے حکم سے زمان پارک آئے ہیں،عمران خان توشہ خانہ کیس میں عدالت پیش نہیں ہوئے۔
اسلام آباد پولیس کو عمران خان کی رہائش گاہ کے اندر جانے سے روکا جا رہا ہے جب کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو زمان پارک پہنچنے کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ 28 فروری کو توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد ظفر اقبال نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔