ملکی معیشت 90 روز میں عام انتخابات کروانے کی متحمل نہیں،شاہد خاقان عباسی

371
justice

اسلام آ باد : مسلم لیگ ن کے رہنمااور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنجاب میں انتخابات اسمبلی تحلیل کر کے کروائے گئے ہیں لیکن اس وقت اگر قومی اسمبلی تحلیل ہوتی ہے اور عام انتخابات 90 روز میں کروائے جاتے ہیں تو ملکی معیشت اس کی ہرگز متحمل نہیں ہو سکتی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا اس وقت کوشش ہے کہ معیشت کو استحکام دیا جائے اور حالات درست کیے جائیں اور اس کے لیے مشکل فیصلے کیے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ جب بھی مشکل فیصلے کرتے ہیں مہنگائی آتی ہے اور آج جو ہم فیصلے کر رہے ہیں وہ اج سے بہت پہلے ہو جانے چاہیے تھے۔ یہ غلطیوں کا تسلسل ہے جس کا حل بھی مشکل فیصلوں کا تسلسل ہو گا۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی اپنی حکمت عملی تھی جس میں وہ کامیاب بھی رہے۔

حالیہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی اپنی حمکت عملی ہےاور جو فیصلے وہ کر رہے ہیں اس میں مشکلات ہیں تاہم اس کا تعین وہی کر سکتے ہیں کہ درست فیصلے کیا ہیں۔ ان کے مطابق الیکشن میں ایک پارٹی جیتی اور ایک ہارتی ہے ہمیں کسی حوالے سے خدشہ نہیں تاہم جب بھی ایسے مشکل حالات میں حکومت لیتے ہیں اور مشکل فیصلے کرتے ہیں اس کی سیاسی قیمت ادا کرنا ہوتی ہے۔