خواجہ آصف کیخلاف ہرجانہ کیس ،عمران خان کے وکیل نے جرح کیلئے مہلت مانگ لی

316

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں شوکت خانم ہسپتال فنڈز سے متعلق الزامات پر خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب ہرجانے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکیل نے جرح کے لئے مہلت مانگ لی، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیس میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

ایڈیشنل سیشن جج امید علی بلوچ نے خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب ہرجانہ کی عمران خان کی درخواست پر سماعت کی، وکیل عابد فاروق عمران خان کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے۔عمران خان کے وکیل عابد فاروق نے استدعا کی کہ جرح کے لئے تیار ہیں، مناسب تاریخ دی جائے، جیل بھرو تحریک میں اسد عمر اور دیگر رہنمائوں کی رہائی گزشتہ روز ہوئی، اس لئے موکل سے رابطہ نہیں ہوسکا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تاریخ دے رہے ہیں مگراس میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔بعدازاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے کیس کی سماعت 18 مارچ تک ملتوی کردی۔