خان گڑھ:پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا ہے کہ نیازی کی بدترین پالیسیوں کے نتیجے میں عوام دیوار سے لگ چکے ہیں۔
کرسی کے لئے ایک پاگل اقتدار میں آنے کے لئے بے چین ہے۔شازیہ مری نے خان گڑھ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بینظیر ڈائنامک رجسٹری سینٹر کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ عمران نیازی کی بدترین پالیسیوں کے نتیجے میں عوام دیوار سے لگ چکے، ہم یہیں پیدا ہوئے، یہی جیئں گے اور یہی مریں گے، میرا بچہ انگلستان کی ہوائیں کھائے اور وسیب کا بچہ گرمی میں جلے، ایسا نہیں ہو سکتا۔شازیہ مری نے کہا کہ تم نے تو بدترین شرائط پر آئی ایم پروگرام سائن کر لیا، تم تو کہتے تھے خودکشی کر لوں گا۔
انہوں نے کہا کہ ضلع مظفر گڑھ میں 6 ڈائنامک رجسٹری سینٹر بنائے جائیں گے، 3 لاکھ 21 ہزار سے زائد خاندانوں کو وظائف دیئے جا رہے ہیں، بینظیر کفالت کی اگلی قسط کے لئے 78 ارب سے زائد کی رقم رکھی ہے۔پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ بے نظیر کفالت پروگرام کا سالانہ بجٹ 252 ارب روپے ہے، لاکھوں گھرانوں کو انکم سپورٹ فراہم کر کے معاشی مدد کی، اس وقت کے سیاسی مخالفین نے اس پروگرام کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اقوام متحدہ میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی تعریف ہوئی، حکومت پاکستان کی آئینی ذمہ داری ہے کہ غریب ترین لوگوں کو سہارا دے، پچھلے حکمرانوں کے فیصلوں کی تباہی کے نتیجے میں پاکستان مستحکم نہیں ہو پا رہا۔انہوںنے کہا کہ مہنگائی سے پسے ہوئے خاندانوں سے پوچھیں یہ پروگرام کیا ہے، پروگرام کی سہ ماہی قسط میں 25 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔