راولپنڈی: پی ایس ایل 8 کے اہم میچ میں کراچی کنگز کو ایونٹ میں پانچویں شکست کا سامنا ہوگیا جب کہ پشاور زلمی نے میچ میں کامیابی حاصل کرلی۔
پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن کے 17ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 24 رنز سے شکست دے دی۔ پشاور زلمی کے 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنا سکی۔
قبل ازیں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور کے خلاف کراچی آغاز عمدہ رہا، عامر نے ایک اوور میں 2 وکٹیں لے کر پشاور کو دھچکا پہنچایا۔ انہوں نے اپنے پہلے اوور میں محمد حارث اور بابر اعظم کو صفر پر پویلین کی راہ دکھائی۔
اُس کے بعد محمد عامر نے اپنے دوسرے اوور میں بھی صائم ایوب کو آؤٹ کیا۔ ایک موقع پر پشاور زلمی کے محض 2 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے، تاہم بعد میں آنے والے کھلاڑیوں ٹام کوہلر، حسیب اللہ خان اور روومین پاویل نے بالترتیب 56، 50 اور 64 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو پہنچنے والے ابتدائی نقصان سے باہر نکالا اور اسکور بورڈ پر 198 رنز کا ہدف سجا دیا۔
پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے۔ کراچی کی جانب سے محمد عامر نے 4 اور تبریز شمسی نے ایک وکٹ حاصل کی۔