سیاستدانوں اور فوجی افسران کے 4 ہزار ارب روپے بینکوں میں ہیں، سراج الحق

402
Sirajul Haque

اسلام آباد: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاست دانوں اور فوجی افسران کے 4 ہزار ارب روپے بینکوں میں پڑے ہوئے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ 18 افراد کے اکاؤنٹس میں چار ہزار ارب روپے ہیں جو بینکوں میں پڑے ہیں۔ ایسے افراد میں سیاست دان اور مسلح افواج کے افسران شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے 18 لوگوں کی فہرست میرے پاس موجود ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہمار ےملکی ادارے ان لوگوں سے پیسے نکلوانے کے معاملے میں بے بس ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوجی افسران، بیورو کریٹس، ججز اور سیاستدان ملک کی خاطر قربانی دیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت میں مہنگائی 34.3 فیصد مزید بڑھی۔ آٹے کی قیمت 160 روپے فی کلو ہو تو ایک گھر کا سربراہ کیسے اپنے زیر کفالت افراد کے ساتھ گھر میں گزارہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی مزید 650 ارب کا ڈاکا قوم کی جیبوں پر ڈالا جائے گا۔

سراج الحق نے کہا کہ لگتا ہے آئندہ آنے والے دنوں میں حکومت سانس لینے پر بھی ٹیکس لگا دے گی۔ پی ڈی ایم مہنگائی کے خلاف پی ٹی آئی حکومت مخالف ریلیاں نکالتی تھی لیکن پی ٹی آئی کی طرح پی ڈی ایم کی حکومت بھی 100 فیصد ناکام ہوگئی۔سابق وزیراعظم کہتا تھا قبر میں سکون ہے اور یہ وزیراعظم کہتا ہے اپنے کپڑے بیچوں گا، صرف چہرے بدلے ہیں لیکن اشرافیہ ایک ہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ججز کو کہتا ہوں پاکستان میں نجی جیلوں پر ازخود نوٹس لیں۔آج بھی سندھ کے علاقے خیر پور اور کچے کے علاقے میں 46 لوگ یرغمالی ہیں، سندھ حکومت ان لوگوں کو بازیاب کروائے۔