عمران خان گناہ گار ہیں تو گناہ گار کہنا ہے،عدالت کی ایس ایچ او کو ہدایت

526

اسلام آباد کی عدالت نے ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ کو ہدایت کی ہے کہ عمران خان کے خلاف درج کیس میں انصاف کے ساتھ تفتیش کرنی ہے، آپ نے ڈرنا نہیں ہے، عمران خان گناہ گار ہیں تو گناہ گار کہنا ہے، انصاف کرنا ہے۔

 اسلام آباد کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کیس کی سماعت کے دوران لکھی گئی ضمنی کے ہمراہ مذکورہ تھانے کے ایس ایچ او پیش ہوئے۔

ایس ایچ او تھانہ سیکریٹریٹ نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج عمران خان کے کہنے پر ہوا ہے، جج نے سوال کیا کہ کیا مدعی نے عمران خان کے خلاف کوئی ثبوت دیا ہے؟، ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ نے بتایا کہ یو ایس بی موجود تھی۔

 جج نے ان سے کہا کہ یو ایس بی کا ذکر نہ کریں، اس میں عمران خان موجود نہیں، عمران خان کے ایما سے متعلق کوئی ثبوت ان کے خلاف ہے تو بتائیں؟ جج نے ایس ایچ او کو ہدایت کی کہ عمران خان کیس میں انصاف کے ساتھ تفتیش کرنی ہے، آپ نے ڈرنا نہیں ہے، عمران خان گناہ گار ہیں تو گناہ گار کہنا ہے، انصاف کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے عمران خان کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں درج کیس کی سماعت منگل  تک ملتوی کر دی۔