ایران چند ہفتوں میں 90فیصد تک یورینیم افزودہ کر سکتا ہے، سی آئی اے

310

تہران:انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے کہاہے کہ ایرانی حکام کی جانب سے یورینیم کو 60 فیصد سے زیادہ افزودہ کرنے کے لیے کی گئی تبدیلیوں کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد امریکی سی آئی اے کے ڈائریکٹر بل برنز نے کہا ہے کہ ایران اب چند ہفتوں کے اندر 90 فیصد تک یورینیم افزودہ کرنے کے قابل ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کی ترقی بھی زور و شور سے جاری ہے، تہران کے ان اقدامات نے بین الاقوامی خدشات کو بڑھادیا ہے۔

تاہم اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ تہران نے ابھی تک اپنے جوہری پروگرام کو فوجی بنانے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔ سی آئی اے ڈائریکٹر نے کہا کہ ہمیں یقین نہیں ہے کہ ایرانی رہ نما نے جوہری پروگرام کو فوجی مقاصد کے لیے دوبارہ تیار کرنا شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جہاں تک سوال یوکرین کی جنگ میں روس کو چینی ہتھیاروں کے استعمال کا ہے تو امریکی عہدیدار نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ چینی قیادت روسی افواج کو مہلک سازوسامان فراہم کرنے پر غور کر رہی ہے۔