اوورسیز پاکستانیوں کیلیے اسلام آباد میں میگا رہائشی منصوبوں کی تیاریاں

625
projects

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے معاشی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے چیئرمین سی ڈی اے کواوورسیز پاکستانیوں کے لئے فوری طور پربین الااقوامی معیار کے دومیگا رہائشی منصوبے لانے کاحکم دیدیا۔

شہباز شریف نے وزیرخزانہ اسحق ڈار کی سربراہی میں ایک اعلی سطح و اختیاراتی خصوصی کمیٹی بھی قائم کردی۔ وفاقی وزیرخزانہ اسحق ڈارنے بھی وزیراعظم کے احکامات ملتے ہی کام شروع کردیا ہے۔ابتدائی طور پرفیصلہ کیاگیا ہے کہ بین الاقوامی معیار کے دو رہائشی منصوبے سیکٹر سی چودہ اور کری میں لائے جائیں گے۔ ترقیاتی منصوبوں کو دن رات کی بنیادوں پر کام کرکے ریکارڈ مدت میں مکمل کیاجائے گا۔

وزیراعظم نے یہ اقدام ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے اورسمندر پارکستانیوں کواس کے بدلے اعلی معیار کی رہائشی سہولیات مہیاکرنے کے دو الگ الگ منصوبہ پرتیز رفتاری سے کام مکمل کرنے کابھی حکم دیا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن ریٹائرڈ نورالامین نے ممبر پلاننگ وسیم باجوہ کوفوری دونوں مجوزہ منصوبوں پرنہ صرف فیزیبلٹی بنانے بلکہ پہلے ہی مرحلہ میں غلطیوں اورکسی بھی سقم سے پاک قابل عمل پی سی ون بنانے کی ہدایات دی ہیں۔ہنگامی بنیادوں پرپیشرفت کرنے کی ہدایت دیدی ہے کہ ایک مہینے کے اندراندر تارکین وطن کے لئے پہلے مرحلہ میں اسلام آباد میں دس ہزاررہائشی پلاٹوں کے منصوبوں کوحتمی شکل دی جائے۔