عدلیہ کی سب سے بڑی ذمے داری ہمارے حقوق کی حفاظت ہے، عمران خان

202
imported gang

لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ عدلیہ کی سب سے بڑی ذمے داری ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت کرنا ہے۔

عثمان ڈار اور جاوید علی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ میں محکمہ تعلیم کے چوکیدار جاوید علی سے 164 کا بیان پی ٹی آئی رہنما محمد عثمان ڈار کو کرپشن کے کیسز میں پھنسانے کے لیے دلوایا گیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطابندیا ل سے گزارش ہے کہ وہ جاوید علی کو اٹھائے جانے کے معاملے کا نوٹس لیں اور کوئی ایکشن لیں تاکہ عوام کو حوصلہ ہو کہ عدلیہ ان کو بچائے گی۔

عمران خان نے کہاکہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر سے زیادہ بددیانت چیف الیکشن کمشنر پاکستان کی تاریخ میں نہیں گزرا ہو گا۔ آج میں ایک ہنگامی میڈیا ٹاک کر رہا ہوں کیونکہ یہ ایک ایسی خوف ناک، دردناک اور تکلیف دہ چیز ہے اور کل کا انتظار نہیں کر سکتے۔یہاں طاقتور کو قانون اور آئین کی کوئی فکر نہیں ہے، آئین کا آرٹیکل 14 واضح طور پر کہتا ہے کہ ہر انسان کی عزت کی حفاظت کی جائے گی۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جاوید علی کو عثمان ڈار نے گریڈ 4 چوکیدار کی نوکری دلائی اور ان کو پولیس نے اٹھایا، اس کے بعد نامعلوم افراد نے اٹھایا، میں اپنی عدلیہ اور چیف جسٹس سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت کون کرے گا، شہباز گل کو تشدد کا نشانہ بنانے پر توہین عدالت کا نوٹس ہوا لیکن کسی نے زیر حراست تشدد پر کچھ نہیں کیا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ جب مجھے گولیاں لگیں تو اس وقت چیف جسٹس سے مخاطب ہوا کہ جنہوں نے مجھے قتل کی کوشش کی ہے وہ سارے اقتدار میں بیٹھے ہوئے ہیں، جب سے جنرل باجوہ یہاں پر ڈرٹی ہیری کو لے کر آئے ہیں تب سے یہ تشدد شروع ہوا ہے۔شہباز گل، اعظم سواتی اور مجھے گولیاں لگیں، لوگوں کو بند کمرے میں کپڑے اتارے گئے اور ذلیل کیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ عدلیہ کی سب سے بڑی ذمہ داری ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت کرنا ہے، کہیں تو لائن ڈرا کریں ان کو خوف تو ہو کہ ان کیلئے اور عوام کے ساتھ کوئی کھڑا ہے، کوئی ایکشن لیں تاکہ عوام کو حوصلہ ہو کہ ہماری عدلیہ ہمیں بچائے گی۔ ایک شہری کے والدین کی کال آئی اور بتایا کہ ان کا بیٹا ابھی تک نارمل نہیں ہوا کیونکہ ان پر تشدد ہوا لیکن سامنے آنے سے سب ڈرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس اور اعلی عدلیہ سے کہتا ہوں کہ امید صرف آپ پر رہ گئی ہے، نامعلوم افراد اس ملک کے ساتھ جو کر رہے ہیں اور خاص طور پر ڈرٹی ہیری آیا ہے۔ مافیا عدلیہ پر بھرپور طریقے سے حملہ آور ہے، مریم نواز جلسوں میں آڈیو وڈیو ٹیپس چلا رہی ہیں، عدلیہ کو کنٹرول کرنے کے لیےحربے استعمال کیے جا رہے ہیں، یہ پی ٹی آئی کو کمزور کر کے چوروں کو الیکشن جتوانا چاہتے ہیں۔