اسلام آباد: ممنوعہ فنڈنگ کیس کے سلسلے میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو 28 فروری منگل کے روز عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق بینکنگ کورٹ اسلام آباد میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی، جس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو اگلے ہفتے (28 فروری بروز منگل) عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت کے دوران عمران خان کی جانب سے وکیل نعیم پنجوتھہ عدالت میں پیش ہوئے۔
بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین کے روبرو وکیل نے بتایا کہ اسلام آبادہائی کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ عمران خان 28 فروری کوبینکنگ کورٹ میں پیش ہوں۔ اس موقع پر عمران خان کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلےکی کاپی بھی بینکنگ کورٹ میں جمع کروائی گئی۔
بینکنگ کورٹ اسلام آباد نے ہائی کورٹ کے فیصلےکو پیش نظر رکھتے ہوئے عمران خان کو آئندہ ہفتے 28 فروری کو پیش ہونے کا حکم دے دیا اور مزید سماعت منگل کے روز تک ملتوی کردی۔