بلاول نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں 25 فیصد اضافے کا اعلان

669

کراچی: وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں 25 فی صد اضافے کا اعلان کردیا۔

سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں بی آئی ایس پی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زرداری نے پورے نظام کی مخالفت لے کر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بنایا جس سے غریبوں کے لیے امید کی کرن پیدا ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جب سیاست شروع کی تھی تو روٹی، کپڑا اور مکان ہی ہمارا نعرہ تھا۔ عوام کو فائدہ اور انصاف پہنچانا ہی پیپلز پارٹی کا اولین مقصد تھا اور اسی بنیاد پر پیپلز پارٹی قائم ہوئی تھی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اعتراف کرچکے ہیں کہ وہ سیاست میں مہنگائی ختم کرنے نہیں آئے تھے۔ہم تو ایسی سیاست کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ملک آئینی، سیاسی اور معاشی بحران کا شکار ہے، پیپلزپارٹی کا مقابلہ ان بحرانوں سے ہے۔ ہمارا مقابلہ غربت، بیروزگاری اور مہنگائی سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی ذمے داران بھی مشکل وقت میں عوام کی مزید مدد کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں ملک بھر میں اس طرح کی مہم چلانی چاہیے، سیلاب سے بھی بہت سے لوگ متاثر ہوئے ہیں، چھوٹے کسانوں کی مدد کے لیے بھی پروگرام لارہے ہیں۔ ہمیں جمہوریت پسند یا اسٹیبلشمنٹ مخالف سمجھا جاتا ہے لیکن ایک کام جو ہماری 3 نسلوں کی جدوجہد میں سب سے زیادہ قابل فخرسمجھا جاتا ہے وہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہے۔ یہ انقلابی پروگرام شہید بینظیر بھٹو کے وژن، نظریہ اور منشور کا حصہ تھا۔