بیجنگ:چین نے کہا ہے کہ امریکی تسلط پسندی اور جنگجویانہ ذہنیت کے موجود رہنے سے باقی دنیا میں شاید ہی امن آسکے جس کی وہ حقدار ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے کہا کہ چین اور روس کا ایک ویژن ہونے پر امریکا کو تشویش ہے، چین اور روس کے تعلقات غیروابستگی، عدم تصادم اور کسی تیسرے فریق کو ہدف نہ بنانے کی بنیاد پر استوار ہیں اور یہ عالمی امن واستحکام کے لیے سازگار عنصر ہے جس پر تشویش کی کوئی وجہ نہیں ہے۔
ترجمان نے کہا کہ حقیقت میں امریکا نے دنیا میں امن اور استحکام کے لیے تباہ کن کردار ادا کیا ہے۔اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ امریکا اپنی 240 سے زائد سالوں کی تاریخ میں صرف 16 سال تک حالت جنگ میں نہیں رہا اورجنگ عظیم دوم کے بعد کے تمام مسلح تنازعات میں اس کا 80 فیصد حصہ ہے۔
وانگ نے کہا کہ امریکا دنیا میں کشیدگی کوہوا دینے والا سرفہرست ملک ہے، دنیا میں سب سے زیادہ تباہی امریکا نے مچائی ہے۔