اسلام آ باد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چین کے ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لئے 70 کروڑ ڈالر فنانسنگ کی منظوری دے دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چین کے ترقیاتی بینک کی 70 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کے لیے رسمی ضابطے کی تمام کارروائی مکمل کر لی گئی ہے۔ اس حوالے سے چینی ترقیاتی بینک کے بورڈ نے منظوری بھی دے دی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کو چین کے ترقیاتی بینک سے رقم اسی ہفتے موصول ہونے کی توقع ہے، رقم ملنے سے پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوگا۔ واضح رہے کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر خطرناک حد تک کم ہیں، اس حوالے سے آئی ایم ایف سے مذاکرات بھی جاری ہیں۔ آئی ایم ایف سے قرض کے لیے حکومت نے 170 ارب روپے کے مزید ٹیکس عائد کئے ہیں۔ اس کے علاوہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے