بھارت، مارک شیٹ دینے میں تاخیر، طالبعلم نے پیٹرول چھڑک کرکالج پرنسپل کوآگ لگا دی

687

نیو دہلی:بھارت میں سابق طالبعلم نے مارک شیٹ دینے میں تاخیر پر پیٹرول چھڑک کر کالج کی پرنسپل کو آگ لگا دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں پیر کے روز انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں فارمیسی کالج کے سابق طالبعلم آشوتوش شریواستو نے مارک شیٹ دینے میں تاخیر پر کالج کی پرنسپل کو اس وقت آگ لگائی جب وہ گھر کیلئے واپس جا رہی تھیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ لگتے ہی پرنسپل کالج کی عمارت کی طرف بھاگیں جس کے بعد عملے نے فوری طور پر آگ بجھائی اور انہیں ہسپتال پہنچایا،اس حوالے سے اندور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کا بتانا تھا کہ کالج کی پرنسپل ویمکتا شرما کا 90فیصد جسم جھلس چکا ہے اور ان کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ ملزم کے ہاتھ اور سینے پر بھی زخم آئے،واقعے کے فورا بعد جائے وقوعہ پر موجود کالج کے چوکیدار نے ملزم کو پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کردیا جہاں اس نے اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ اس کے ساتویں اور آٹھویں سمسٹر کے امتحانات کا نتیجہ جولائی 2022میں آیا تھا لیکن کئی بار درخواست کرنے کے بعد بھی کالج اسے مارک شیٹ فراہم نہیں کر رہا تھا جس کی وجہ سے اسے پرنسپل پر شدید غصہ تھا اسی لیے اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔