انسداد دہشت گردی یونٹ اسلام آباد کی تنظیم نو کا فیصلہ

734

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے حکم پر انسداد دہشت گردی یونٹ اسلام آباد کی تنظیم نو کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان اسلام آباد کیپٹل پولیس کے مطابق پاکستان میں اپنی نوعیت کے پہلے انسداد انتہا پسندی یونٹ کا قیام عمل میں لایا جائے گا، جو سوشل میڈیا اور ویب سائٹس پر سیاسی، مسلکی، لسانی اور مذہبی انتہا پسندی مواد کا جائزہ لے گا۔

نیا یونٹ آپریشنز اور انٹیلی جنس کے علاوہ قائم کیا گیا ہے۔یونٹ کا انچارج ایس پی لیول کا افسر ہوگا جو کہ ایس ایس پی سی ٹی ڈی کے ماتحت کام کرے گا۔انتہا پسندی کے تدارک کے لیے اسلام آباد کیپٹل پولیس کی ٹیمیں تعلیمی اداروں، مدارس میں جائیں گی۔اس سلسلے میں مساجد میں خطبوں کی نگرانی کی جائے گی۔

یونٹ کے لیے لسانی ماہرین کی خدمات لی جائیں گی۔ اس حوالے سے قانون سازی کے لیے سفارشات بھی مرتب کی جائیں گی۔ قومی بیانیے کے مطابق نوجوان نسل کی ذہن سازی کی جائے گی۔سی ٹی ڈی کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے اور فوری ردعمل کو بہتر بنانے کے لیے وزارت داخلہ کو سفارشات بھیجی جارہی ہیں۔

جوائنٹ ایکشن ٹیموں، جدید تکنیکی مرکز کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے۔ سی ٹی ڈی کی تنظیم نو سے مجموعی کارکردگی، شہر کی سیکورٹی کوموثر بنانے، انسداد دہشتگردی اور انتہا پسندی کے تدارک میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اسلام آباد کیپٹل پولیس شہر کی سیکورتی کو موثر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کررہی ہے۔