عمران خان اور بشریٰ بی بی توشہ خانہ تحقیقات میں نیب طلب

1190

اسلام آباد: نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ معاملے کی تحقیقات کے لیے طلب کرلیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو نیب نے راولپنڈی آفس میں 9 مارچ کو طلب کیا۔ اس سلسلے میں نیب راولپنڈی، اسلام آباد کی جانب سے عمران خان کو باضابطہ نوٹس ارسال کردیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے نام نوٹس ان کی بنی گالہ کی رہائش گاہ اور چک شہزاد اسلام آباد کے گھر پر ارسال کیا گیا ہے۔، جس میں نیب کی جانب سے عمران خان پر الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے اپنی وزارت عظمیٰ کے دور میں ملنے والے تحائف بیچ دیے۔

نوٹس میں فروخت کیے گئے تحائف سے متعلق بتایا گیا ہے کہ ان میں 4 رولیکس گھڑیاں، ایک آئی فون عمران خان کو 2018ء میں قطر آرمڈ فورسز کی جانب سے ملا تھا۔ علاوہ ازیں ایک قیمتی گھڑی اوراس کے علاوہ دیگر تحائف بھی شامل ہیں، جنہیں انہوں نے قانون کی خلاف وروزی کرتے ہوئے فروخت کردیا۔

علاوہ ازیں قومی احتساب بیورو (راولپنڈی) کی جانب سے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں 9 مارچ کو پیش ہونے کے لیے نوٹس کیا ہے۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو کی جانب سے سابق وزیر خارجہ اور تحریک انصاف کے وائس چیئرمین کو بھی 8 مارچ کو طلب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نیب نے توشہ خانہ کے انچارج سے بھی تفتیش کی ہے۔