اسحاق ڈار، اسپیکر اور ارکان اسمبلی سب غریب کا گلا گھونٹ رہے ہیں، عبدالاکبر چترالی

705
screen grab (APP)

جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی نے ضمنی مالیاتی بل پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات سچ ہے کہ اسحاق ڈار، اسپیکر اور ارکان قومی اسمبلی سب مل کر غریب کا گلا گھونٹ رہے ہیں۔

قبل ازیں قومی اسمبلی میں مالیاتی ضمنی بل 2023 کورم کے نامکمل ہونے کے باوجود منظور کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے کورم کے لیے 86 ارکان درکار ہوتے ہیں تاہم ایوان میں حکومت اور اپوزیشن کے مجموعی طور پر 68 ارکان موجود تھے، اس کے باوجود مالیاتی ضمنی بل 2023 منظور کرلیا گیا۔

دوران اجلاس ضمنی مالیاتی بل 2023  کی شق وار منظوری کا عمل شروع ہوا تو سائرہ بانو اور عبدالاکبر چترالی کی جانب سے ضمنی مالیاتی بل میں ترامیم پیش کردی گئیں جس پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ترامیم کی مخالفت کردی۔

جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے بل پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس منی بجٹ میں شادی تک پر ٹیکس لگادیا گیا جبکہ شادی سنت نبوی ہے اسے آسان بنانا آئین کا تقاضا ہے، شادی پر ٹیکس تو بھارت نے بھی نہیں لگایا۔دوران تقریر عبدالاکبر چترالی آب دیدہ ہوگئے اور کہا کہ سچ یہ ہے کہ اسحق ڈار، اسپیکر اور ارکان سب مل کر غریب کا گلا گھونٹ رہے ہیں۔