ملک میں ایک ہی نگران حکومت ہو گی تو الیکشن ہوں گے، رانا ثناء اللہ

568

راولپنڈی: وفاقی وزیر داخلہ  رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمرانی ٹولہ پچھلے 7ماہ سے جدوجہد کر رہا ہے کہ ملک ڈیفالٹ کرے،تم جیل بھرنے کی تحریک شروع کرو، ہم تمہیں انشا اللہ ایسا جواب دیں گے جو تمہارے وہم و گمان میں بھی نہیں ہوگا۔

رانا ثنا نے کہاکہ  راولپنڈی کی دونوں سیٹوں سے شیخ رشید اور ان کے بھتیجے کو بھی ہرائیں گے،عمران خان  ملک میں عدم استحکام رکھنے کیلئے کبھی لانگ مارچ، کبھی احتجاج، کبھی ریلیاں، کبھی کوئی اور ہربہ استعمال کرتا رہتا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری صرف ایک رائے ہے ملک میں ایک ہی نگران حکومت ہو گی تو الیکشن صاف اور شفاف ہوں گے، آئین میں 90روز میں الیکشن ہونے کا ذکر ہے لیکن وہاں یہ بھی ہے کہ پاکستان میں الیکشن کیئرٹیکر سیٹ اپ کے تحت ہوں گے تاکہ الیکشن صاف اور شفاف ہوں، اگر 2اسمبلیوں کے الیکشن آج اور 3اسمبلیوں کے 3ماہ بعد ہوں گے تو سارا سال الیکشن ہوتا رہے گا۔

انہوں نے کہا عمرانی ٹولے کو یہ کہنے کا موقع ملے گا کہ وفاقی حکومت ان کی تھی، بلوچستان اور سندھ میں ان کے اتحادیوں کی حکومت تھی، میرے ساتھ دھاندلی ہوئی ہے، یہ پھر اسی ہتھکنڈوں کے اوپر ملک کو اپنے بنیادی ایجنڈے افراتفری اور انارکی کی طرف لے کر جائے گا۔