لندن: برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان سیتا وائٹ کیس میں 5 سال کے لئے نااہل ہوسکتے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ٹیریان وائٹ کیس میں اپنے سیاسی کیئریرکو بچانے کی جنگ لڑرہے ہیں، انہوں نے 2018 کے الیکشن میں اپنے کاغذات نامزدگی میں بیٹی ٹیریان کا نہیں لکھا تھا جبکہ پاکستانی قوانین کے مطابق امیدوار کو کاغذات نامزدگی میں بیوی بچوں کا بتانا ہوتا ہے۔
برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے 2018 کے کاغذات میں جمائما خان سے اپنے دو بیٹے ہی ظاہر کئے تھے، اور یہ نہیں بتایا کہ 27 سالہ ٹیریان سیتاوائٹ سے ان کی بیٹی ہے، اگر عمران خان پر الزام ثابت ہو گیا وہ 5 سال کیلئے الیکشن لڑنے کیلئے نااہل ہوسکتے ہیں۔
برطانوی خبار نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ عمران خان پاکستان میں بہت مقبول لیڈر ہیں، اور وہ رواں سال ہونے والے الیکشن جیت سکتے ہیں، لیکن اگر وہ نااہل ہوگئے تو مارچ میں آنے والے الیکشن ہی نہیں لڑسکیں گے۔
برطانوی اخبار نے مزید لکھا ہے کہ عمران خان کی سیٹا وائٹ سے ملاقات 1980 میں لندن میں ہوئی، تھی اور بیٹی کے حوالے سے لاس اینجلس کورٹ نے 1997 میں فیصلہ سنادیا تھا۔