لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے 1 لاکھ 71 ہزار خیمے بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم سے پاکستان میں خیمہ سازی کے صنعتکاروں کے وفد نے ملاقات کی، شہباز شریف نے خیموں کے معیار کے تعین کیلئے وزیر منصوبہ بندی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔
وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ہفتہ کو وزیرِ اعظم سے پاکستان میں خیمہ سازی کے صنعتکاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ملک میں ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے خیمہ سازی کی خاطر خواہ استعداد موجود ہے اور این ڈی ایم اے پاکستان ٹینٹس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ساتھ اس حوالے سے مکمل رابطے میں ہے۔
وزیر اعظم کو مزید بتایا گیا کہ این ڈی ایم اے کے پاس اس وقت 21 ہزار سردی سے بچا کے خیمے موجود ہیں جو آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے تک فضائی اور زمینی راستوں سے ترکیہ پہنچا دیئے جائیں گے،وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ فوری طور پر ترکیہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ پریزیڈنسی (اے ایف اے ڈی) سے درکار خیموں کی خصوصیات کے حوالے سے مشاورت کی جائے۔