کراچی (اسٹاف رپورٹر)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دہشت گردوں کے حملے کا نشانہ بننے والے کراچی پولیس آفس کا دورہ کیا اور اسپتال جاکر زخمیوں کی عیادت کی۔پاکستانیوں نے ہمیشہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کو شکست دی ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی کا دورہ کیا، کور کمانڈر کراچی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور آرمی چیف کو کور ہیڈ کوارٹرز میں کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کے حملے پر بریفنگ دی گئی، سربراہ پاک فوج نے کراچی پولیس آفس کا دورہ بھی کیا۔
کراچی پولیس چیف آفس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد گزشتہ رات پاک آرمی کے اسپیشل سروسز گروپ (SSG)، پاکستان رینجرز سندھ اور سندھ پولیس پر مشتمل کاؤنٹر ٹیررازم (CT) کے کامیاب آپریشن نے تمام دہشت گردوں کو جہنم واصل کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف کے دفتر کو کلیئر کرایا تھا۔
وزیراعلیٰ سندھ اور آرمی چیف نے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کا بھی دورہ کیا اور پولیس و پاکستان رینجرز سندھ کے زخمی جوانوں سے ملاقات کی۔ جنرل عاصم منیر نے ڈیوٹی کے دوران فوج، پولیس اور پاکستان رینجرز (سندھ) کی بہادری، حوصلے اور قربانیوں کو سراہا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ریاست دہشت گردی کیخلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور قوم کے اٹوٹ عزم کو تسلیم کرتی ہے اور انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہبی یا نظریاتی تعلق نہیں ہے، بلکہ صرف گمراہ کن تصور کو زبردستی یا لالچ کے ذریعے مجبور کیا جاتا ہے۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ عوام کو درپیش سیاسی اور دیگر خلفشار کے برعکس، سیکیورٹی فورسز کی توجہ صرف کاؤنٹر ٹیررازم اور انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز پر ہے جو پورے ملک میں واضح کامیابی کے ساتھ ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی قوم صرف کائنیٹک کارروائیوں سے اس طرح کے چیلنجوں پر قابو نہیں پاسکتی، اسے باہمی اعتماد، عوام کی مرضی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔
آرمی چیف کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں نے ہمیشہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کو اس کے تمام مظاہر میں مسترد کیا اور اسے شکست دی ہے، ہم ایک ساتھ مل کر مشترکہ خوشحال مستقبل کیلئے اس خطرے پر غالب آئیں گے۔