قاہرہ: معصوم بچے نے دودھ کے ساتھ کیلے کے جوس کا بھی آرڈر کردیا، جس کی قیمت دیکھ کر اس کی ماں صدمے میں آ گئی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق تین سالہ مصری بچے نے دودھ کے ساتھ کیلے کے جوس کا ایک بڑا آن لائن آرڈر کردیا، جس کے نتیجے میں خاتون کے کنگلے ہونے کی نوبت آ سکتی تھی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر صارفین نے ایک خاتون کی پوسٹ شیئر کی، جس میں اس مصری خاتون نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا بتایا۔ خاتون کے مطابق وہ ایک ضروری کام سے باہر گئی اور جب واپس آئی تو اس کے تین سالہ بیٹے نے کہا کہ میں کیلے کا جوس آرڈر کررہا ہوں۔
خاتون نے معمول کی بات سمجھتے ہوئے اسے اجازت دے دی، تاہم جب پیسے ادا کرنے کا وقت آیا تو دودھ کے ساتھ اس کیلے کے جوس کی قیمت دیکھ کر وہ سکتے میں آ گئی۔ خاتون کے مطابق اسے بڑا دھچکا لگا اور اس پر لرزہ طاری ہوگیا کہ اس کیلے کے جوس کے ساتھ دودھ کی قیمت ادا کرنے کے لیے مجھے اپنا گھر، ایک دوسرا گھر اور ایک تیسرا گھر بھی فروخت کرنا پڑے گا۔
خاتون نے بل کو بغور دیکھا تو اسے پتا چلا کہ اس کے معصوم تین سالہ بیٹے نے 9 سو 87 کارٹن کیلے کے جوس کے ساتھ دودھ کا آن لائن آرڈر دے دیا تھا، جس کی قیمت تقریباً ایک لاکھ 85 ہزار 519 پاؤنڈز تھی، جسے بچے کی والدہ نے دیکھتے ہی آرڈر کو منسوخ کردیا، تاہم اسے سکتے کی کیفیت سے نکلنے میں کچھ وقت لگا۔
خاتون نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنا واقعہ سنایا، جس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔ خاتون کے مطابق بعد میں کیلے کا جوس بنانے والی کمپنی نے خود اس فیملی سے رابطہ کیا اور بات کو سمجھتے ہوئے انہیں دودھ اور کیلے کے جوس پر مبنی تحفہ ارسال کیا۔