لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بدھ کے روز سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا۔
وڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ہمیں جیلوں سے ڈرانے کی کوشش نہ کریں، جب جیل بھرو تحریک شروع ہوگی تو جیلوں میں جگہ باقی نہیں رہے گی۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کی کارکردگی اور معاشی عدم استحکام کی وجہ سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے سرمایہ نکالنا شروع کردیا ہے جو تشویشناک بات ہے۔ یہ کچھ بھی کر لیں ہم انہیں الیکشن میں دھاندلی نہیں کرنے دیں گے۔خطرناک بات یہ ہے کہ چیف الیکشن کمشنر انتخابات سے معذوری کا اظہار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھی آئی ایم ایف کے پروگرام میں تھے لیکن ہم نے مشکل فیصلے کیے اور قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا۔25 مئی کو ہم پر تشدد کرنے والے افسران کو دوبارہ مسلط کردیا گیا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کے ساتھ جو ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو پکڑ کر جعلی بیانات پر دستخط لیے جا رہے ہیں۔ گھر والوں کو دھمکیاں دے کر دستخط کروائے جاتے ہیں، جب مجھ پر قاتلانہ حملہ ہوا ایف آر بھی نہیں کٹوا سکا، ہماری گرفتاری کا شوق ہے تو جیل بھرو تحریک میں پورا کر دیں گے۔