لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما اورسابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ماڈل ٹائون لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کی سینئر نائب صدر اور پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نوازشریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی صورت حال اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق مریم نواز کا ملاقات کے دوران کہنا تھا کہ وہ شاہد خاقان عباسی کی بہن ہیں اور وہ چاہتی ہیں کہ ان کی رہنمائی میںپارٹی کو آگے بڑھا جائے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جو بھی بڑے فیصلے ہوں گے نہ صرف ان میں شاہد خاقان عباسی کو شامل کیا جائے گا بلکہ ان سے رہنمائی بھی لی جائے گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پارٹی ان کی اکیلی کی نہیں ہے بلکہ سب مل کر میاں محمد نواز شریف کی سربراہی میں سب مل کر پارٹی کے لئے کام کریں گے اورآپ جیسے لیڈر پارٹی کا فخر ہیں اورآپ کی لازوال قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، آپ کی قربانیاں تمام لوگ جانتے ہیں۔
اس موقع پر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نوازشریف ان کے لیڈر ہیں اورہمیشہ وہ شہبازشریف کی رہنمائی کرتے رہے ہیں اورانہیں گائیڈ کرتے رہے ہیں ، نوازشریف سے محبت ہے اس لئے وہ (ن)لیگ میں ہیں اور ہمیشہ (ن)لیگ میں رہیں گے اور آخری پارٹی بھی (ن)لیگ ہی رہے گی ۔نوازشریف اور پارٹی سے رابطے ہمیشہ قائم رہیں گے۔