سوا کروڑ روپے سے زائد مالیت کی چاکلیٹ چوری کرنے والا پکڑا گیا

886

لندن: برطانیہ میں ایک شخص کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا ہے، جو ایک سوا کروڑ پاکستانی روپے سے زائد مالیت کی چاکلیٹس چوری کرکے فرار ہو رہا تھا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق برطانیہ  میں چوری کا ایک انوکھا واقعہ سامنے آیا، جس میں ایک شخص نے دیدہ دلیری کے ساتھ تقریباً سوا کروڑ روپے مالیت کی چاکلیٹس چوری کیں، جن کی تعداد تقریباً 2 لاکھ ہے۔

برطانوی پولیس نے 32 سالہ شخص کو فرار ہوتے ہوئے پکڑ لیا، جب بوبی پول نامی یہ چور عالمی شہرت یافتہ چاکلیٹ کیڈبری کریم ایگ کو ایک گودام سے لے کر جا چکا تھا، تاہم راستے میں پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔ چور سے برآمد ہونے والی چاکلیٹس کی قیمت تقریباً 48 ہزار ڈالر بتائی جاتی ہے، جو پاکستانی روپے کے لحاظ سے تقریباً سوا کروڑ سے زیادہ بنتے ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے ٹیلفورڈ شہر کے اسٹیفرڈ نامی پارک کے ایک گودام سے یہ چاکلیٹ چرائی ہیں، جس کے بعد وہ فرار ہوتے ہوئے ایک شاہراہ پر چاکلیٹس سمیت پولیس کے ہاتھوں پکڑا گیا۔

ملزم نے تیز دھار الیکٹرک آری کا استعمال کرکے دروازہ کاٹنے کے بعد ٹریکٹر میں چاکلیٹس بھریں اور وہاں سے روانہ ہوا۔ پولیس کے مطابق 32 سالہ بوبی پر جلد ہی فرد جرم عائد کردی جائے گی۔