حیدرآباد:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ن لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی بند گلی میں، اب آگے جا سکتی ہیں نہ پیچھے، کرپٹ ٹرائیکا کو عوام الیکشن میں آئینہ دکھائیں گے، تینوں نے قرضے لے لے کر آنے والی نسلوں کو بھی آئی ایم ایف کا مقروض کر دیا۔
سراج الحق نے کہاکہ عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ ہونے والے تمام معاہدے پبلک کیے جائیں، الیکشن ملک میں استحکام لا سکتا ہے، کراچی سے کسی بھی پارٹی نے انصاف نہیں کیا، شہر کو صرف جماعت اسلامی بچا سکتی ہے، پیپلزپارٹی کراچی سے متعلق عوامی فیصلہ قبول کرے، کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا ہو گا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ موجودہ اور سابقہ حکومتوں کی وجہ سے بلوچستان میں محرومیوں کا لاوا پک کر پھٹنے والا ہے، صوبے کی عوام کو ان کے حقوق دیے جائیں، انھیں دیوار سے لگانے کی بجائے گلے سے لگانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ اندرون سندھ غربت، بے روزگاری کی اماجگاہ بن چکا، صوبہ کی حکمران جماعت نے عوام پر ظلم کیے، پندرہ برسوں سے کوئی ترقی نہیں ہوئی۔ قومی معیشت دیوالیہ مگر وفاقی کابینہ میں بھرتیاں جاری ہیں۔ تباہ حال قرضوں میں جکڑے ملک کو 85رکنی کابینہ کیسے زیب دیتی ہے، وزیراعظم وضاحت کریں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی لڑائی مفادات اور کرسی کے لیے ہے، ڈرامہ کر کے عوام کو ایک بار پھر بے وقوف بنانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ ملک کو کسی بیرونی قرضے کی ضرورت نہیں، حکمران غیرترقیاتی اخراجات، کرپشن اور سودی معیشت کا خاتمہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی سالانہ تیس ارب ڈالر ترسیلات زر بھیجتے ہیں، ان کا اعتماد بحال ہو جائے تو رقم پچاس ارب ڈالر تک جا سکتی ہے، اہل اور ایمان دار قیادت آئے گی تو ہی اوورسیز کا اعتماد بحال ہو گا۔ ملک کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام ہے۔