اسلام آباد:وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے صدر اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سے آئین شکنی کروائی،چیئرمین پی ٹی آئی نے پاکستان کی سالمیت کے ساتھ خطرناک کھیل کھیلا ہے، اُس پر آرٹیکل سکس لگنا چاہیے،پاکستان اس وقت ترقی کرے گا جب عمران خان جیسے بہروپیے سے نجات ملے گی۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران خان جیسے تماشا لگانے والے پر اب کوئی یقین نہیں کرتا، عمران خان کے دور میں شہباز شریف کے خلاف بے بنیاد کیسز بنائے گئے،شہزاد اکبر کو صرف شہباز شریف اور سیاسی مخالفین کے خلاف کیسز بنانے کے لئے غیر آئینی طریقے سے لگایا گیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ شہزاد اکبر کا سوائے پریس کانفرنسز کے کوئی کام نہیں تھا،وہ کبھی گراف بناتے، کبھی منی لانڈرنگ کا الزام لگاتے،جھوٹے کیسز کے جواز کے لئے جھوٹے گواہ بھی بنائے گئے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان بلین ٹری سونامی، توشہ خانہ کیس میں پکڑے جائیں اور کہتے ہیں کہ میں جواب نہیں دوں گا،عمران خان نے اپنے اوپر کسی کیس میں جواب نہیں دیا،وہ اس لئے استثنی مانگ رہے ہیں کہ ان کی ٹانگ پر پلستر ہے؟کبھی وہ کہتے ہیں کہ جنرل باجوہ سپر کنگ تھے، جسے تاحیات ایکسٹینشن دے رہے تھے اب ان کے خلاف بیان دے رہے ہیں۔