ملتان: رنگارنگ تقریب کیساتھ ملتان میں پی ایس ایل 8 کا آغاز ہوگیا،ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل 2023) کی رنگارنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔
پی ایس ایل 8 کی افتتاحی تقریب کا آغاز آئمہ بیگ کی آواز کے ساتھ ہوا جہاں انہوں نے قومی ترانہ گایا، ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلی مرتبہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا اور زبردست آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
لیگ کے رواں سیزن کا پہلا میچ بھی ملتان میں میزبان اور دفاعی چمپیئن ٹیم کے درمیان کھیلا گیا،افتتاحی تقریب میں لیگ کے آفیشل ترانا گانے والے عاصم اظہر، فارس شفیع اور شائے گل نے بھی پرفارم کیا جبکہ مرکزی اسپانسر ایچ بی ایل کے صدر نے بھی خطاب کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ یاد ہونا چاہیے کہ یہ سفر کہاں سے شروع ہوئے اور آج ملتان میں کیسے افتتاحی تقریب ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دبئی سے یہ سفر شروع ہوا تھا، پھر لاہور، پھر کراچی اور اب ملتان اور اگلے سال ہم کوئٹہ اور پشاور جائیں گے، پی ایس ایل نے پاکستان کو بہت سے اثاثے دیے ہیں، عوام کو خوش کیا ہے، یہ ایک ایسا انٹرنیشنل برانڈ بنا ہے، جس کے بارے میں ہم فخر کر سکتے ہیں۔
نجم نے کہا کہ اس سوال 21 غیرملکی اور 31 یا 14 پاکستانی کھلاڑی اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں، اس پی ایس ایل نے شاہین شاہ، حارث رف، حسن علی اور دیگر کئی کھلاڑی دیے ہیں اور یہ پی ایس ایل مزید چمکے گا۔
انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل 8 کا پہلا میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں میزبان ٹیم ملتان سلطانز اور دفاعی چمپیئن لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا گیا،پی ایس ایل 2023 ملک کے چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، لاہور قلندرز، کراچی کنگز، پشاور زلمی، ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں اپنے 5،5 میچز ہوم گرانڈ پر کھیلیں گی۔پاکستان سپر لیگ 2023 کا فائنل 19 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق پی ایس ایل جیتنے والی ٹیم کو 24 قیراط سونے سے بنی ٹرافی کے ساتھ 12 کروڑ روپے کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔فائنل تک رسائی کرنے والی دوسری ٹیم کو 4 کروڑ 80 لاکھ روپے کی رقم دی جائے گی۔پی ایس ایل 2022 میں فاتح ٹیم کو 8 کروڑ جبکہ فائنل ہارنے والی ٹیم کو 3 کروڑ 20 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ 9 فروری 2023 کو پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کی خوبصورت ٹرافی کی رونمائی لاہور کے تاریخی شالیمار گارڈن میں کی گئی تھی۔پی ایس ایل کی24 قیراط سونے سے بنی اس ٹرافی کوسپو نووا ٹرافی کا نام دیا گیا ہے جس کے تین ستون قومی ٹیم کے مقصد اتحاد، جذبے اور طاقت کی عکاسی کرتی ہیں اور ان ستونوں پر تقریبا 10ہزار زرقون کے پتھر جڑے گئے ہیں۔
ان تین ستونوں کو ملا کر چاند کی شکل بنائی ہے جبکہ ٹرافی کے مرکزی ستون پر لاتعداد کرسٹل نصب کیے گئے ہیں اور اس کے اوپر ایک بڑا ستارہ آویزاں ہے۔