مریم نواز نے عدلیہ کی آزادی پر حملہ کیا ہے، فرخ حبیب

415

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ن لیگ کو ہمیشہ سے جسٹس (ر) قیوم جیسے ججز چاہئیں،جو انکی مرضی سے کام کریں،پاکستان کا کوئی بھی ادارہ مریم نواز کی بدزبانی سے محفوظ نہیں رہا۔

مریم نواز کے عدلیہ سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے  فرخ حبیب نے کہا کہ جو ادارہ ان کے مفادات کو تحفظ نہ دے اس پر حملہ آور ہو جاتے ہیں، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے آئین کے مطابق انتخابات کے انعقاد سے متعلق حکم نامہ جاری کیا، انہی جسٹس جواد حسن نے حمزہ شہباز کے حلف کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کو پابند کیا۔

انہوں نے کہا کہ فیصلے ان کے حق میں آئیں تو عدلیہ اچھی،خلاف آئیں تو عدلیہ بری ہو جاتی ہے،مریم نواز نے عدلیہ کی آزادی پر حملہ کیا ہے،نون لیگ کی عدلیہ پر حملہ آور ہونے کی ایک تاریخ ہے،سپریم کورٹ پر بھی حملہ آور ہوئے۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ عمران خان پر شہباز گل کے معاملے میں قانونی کاروائی کا لفظ استعمال کرنے پر توہین عدالت کا نوٹس لیا گیا،فواد چوہدری پر  غداری کا مقدمہ درج کر لیا گیا،مریم نواز کے خلاف کارروائی نہ ہوئی تو ان کی  تنقید بڑھتی  جائے گی۔فرخ حبیب نے کہا کہ25 مئی کو تحریک انصاف پر تشدد کرنے والے افسران کو چن کر نگران حکومت میں لگایا گیا۔