دشمن کو بھی نیب کے عقوبت خانے میں نہ جانا پڑے،وزیراعظم

608

اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میری ہمیشہ کے لیے دعا ہے کہ دشمن کو بھی نیب کے عقوبت خانے میں نہ جانا پڑے، نیب نے چن چن کر بےگناہ لوگوں پرکیسز بنائے ہیں۔

لاہور میں باب پاکستان کی تعمیر اور والٹن روڈ کے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ہم اس تاریخی مقام پر اکھٹے ہوئے ہیں، یہ والٹن کا وہ مقام ہے جہاں ہزاروں مہاجرین نے قیام کیا اور یہاں کے لوگوں نے انصار مدینہ کی یاد تازہ کرتے ہوئے انہیں گلے سے لگایا، یہ مثالیں قیامت تک یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کروڑوں لوگوں نے پاکستان کی خاطر قربانیاں دیں، ہزاروں مہاجرین نے باب پاکستان کے مقام پر قیام کیا تھا، باب پاکستان کا منصوبہ دنیا کو پاکستان کے قیام کی تاریخ بتائے گا، 1991میں نواز شریف نے باب پاکستان منصوبے پرکام شروع کیا تھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دعا ہے کہ دشمن بھی نیب کے عقوبت خانے میں نہ جائے، اربوں کھربوں کے منصوبے دفن ہوچکے لیکن کسی نے کارروائی نہیں کی، یہ دوہرا معیار نہیں ہونا چاہیے، اس منصوبے میں بھی اربوں کا غبن ہوچکا ہے، کیا نیب نے کسی کو طلب کیا؟ نیب نے چن چن کر بےگناہ لوگوں پرکیسز بنائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2008 میں سابق جنرل پرویز مشرف کی خواہش پر حکومت پنجاب نے اس منصوبے کا کنٹریکٹ ایوارڈ کردیا تھا، اس مقام کو ہمیں پوری دنیا کے لیے ایک تاریخی مقام بنانا تھا جہاں پاکستان کے چاروں کونوں سے طلبہ آتے اور پاکستان کی تاریخ سے آگاہ ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ کہ اگر ہم مل کر دن رات محنت کریں، میرے سمیت اشرافیہ سچے دل سے قربانی اور ایثار کا مظاہرے کرے اور شبانہ روز محنت کرے تو 75 برس سے ہچکولے کھانے والی یہ کشتی منجدھار سے نکل آئے گی۔

وزیراعظم سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ والٹن میں تاریخی یادگار کا خواب غلام حیدرو ائیں نے دیکھا تھا، مسلم لیگ ن کے ہر دور میں ترقیاتی منصوبوں پر کام ہوا، 24ارب کی لاگت سےمنصوبہ شروع ہوگا، سرکارکا ایک پیسا نہیں لگےگا۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نامکمل منصوبے پر 110 کروڑ  روپے خرچ  ہو چکے ہیں، وزیراعظم نےفیصلہ کیا کہ باب پاکستان کی یادگار کے لیے درآمدی ماربل نہیں لگےگا، وزیراعظم نے فیصلہ کیا کہ یادگار  پر  پاکستان کا ماربل لگایا جائےگا، باب پاکستان کی یادگار پر عام آدمی کے لیےکھیل کی سہولتیں بھی ہوں گی۔